بھٹکل 6؍مارچ (ایس او نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی اورالکوثر گرلز کالج کے اشتراک سے فرقہ وارانہ بھائی چارگی اور ہم آہنگی پرایک خصوصی پروگرام ہوٹل رایل اووک میں منعقد کیا گیا جس میں ملک میں امن اور بھائی چارگی کو بڑھاوا دینے اور سبھی مذاہب کے ماننے والےلوگوں کو ایک دوسرے کے قریب آنے اور آپسی نا اتفاقی کوبات چیت کے ذریعے دورکرنے پر زور دیا گیا۔
جلسے کا آغاز الکوثر گرلزکالج کی طالبہ تبسم کی تلاوت قرآن سے ہوا جس کا انگریزی ترجمہ طالبہ بریرہ نے اور کنڑا ترجمہ محترمہ صبیحہ فاروق نے کیا ۔ ایک ننھے سے طالب علم غطریف مانوی نے کنڑا زبان میں حمد پیش کی۔ الکوثر کالج کی طالبہ فوزیہ تنویر نے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور صابرہ صبا نے نعت شریف پیش کی۔
محکمہ تعلیم کی بلاک ریسورس کوآرڈینیٹر مسز ایلمّا نے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور تعلیم کی اہمیت کے موضوع پر خطاب کیا۔ مہمان خصوصی کے بطور تشریف فرما محترمہ کلثوم ابوبکر اڈپی نے قرآنی آیات واحادیث کے پس منظر میں ہماری زندگی کا مقصد،حسن اخلاق اور سماج میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے درکار ہمارے عملی کردار پر سیر حاصل خطاب کیا۔اس موقع پر مہمان اعزازی کے طور پر انجمن گرلز ہائی اسکول کی ٹیچر محترمہ ششی کلا موجودتھیں۔ منتظمین نے ان کی 37سالہ تدریسی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ان کی تہنیت کی ۔اس خصوصی پروگرام میں اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین کی ایک بڑی تعداد شریک رہی۔